عمان کے قریب آئل ٹینکر کے پاس دھماکے کی اطلاع

August 1, 2026 · بام دنیا

عمان کے قریب سمندری حدود میں ایک اور آئل ٹینکر کے پاس دھماکے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز اتھارٹی کے مطابق آئل ٹینکر کے کپتان نے جہاز کے قریب پانی میں زور دار دھماکے اور بڑا چھینٹا اٹھنے کی اطلاع دی

برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز اتھارٹی کے مطابق سنیچر کے روز ایک آئل ٹینکر کے کپتان نے اطلاع دی کہ خصب سے تقریباً 34 کلومیٹر شمال مشرق میں جہاز کے قریب پانی کا بڑا چھینٹا اٹھا اور دھماکے کی آواز سنائی دی۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور جہاز  سے متعلق معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

اس سے قبل بھی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز اتھارٹی نے عمان کے علاقے لیما کے قریب ایک آئل ٹینکر کو نامعلوم سمت سے آنے والے ایک پروجیکٹائل کا نشانہ بنائے جانے کی اطلاع دی تھی۔

خلیج عمان اور آبنائے ہرمز کے اطراف حالیہ دنوں میں سمندری کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، جہاں متعدد تجارتی جہازوں کو مختلف واقعات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

دوسری جانب ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والی بحری آمدورفت پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، جبکہ امریکا نے خطے میں اپنی بحری موجودگی بڑھا دی ہے۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات بحری جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔