قطر تین لاپتا پائلٹس کے بارے میں کچھ نہیں جانتا،ایران کا دعویٰ

11 مارچ 2026 کو ایرانی فضائیہ کے دو سوخو-24 جنگی طیاروں نے قطر میں واقع العدید ایئر بیس کو نشانہ بنایا تھا۔

August 1, 2026 · بام دنیا

تہران: ایرانی فوج کے ترجمان امیر محمد اکرمینیا نے دعویٰ کیا ہے کہ قطر رواں سال مارچ میں لاپتا ہونے والے تین ایرانی پائلٹس کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کر رہا ہے، جبکہ اس معاملے کی تحقیقات اب بھی جاری ہیں۔

بی بی سی فارسی کے مطابق سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے امیر محمد اکرمینیا نے کہا کہ ایرانی حکام لاپتا پائلٹس کی تلاش اور حقائق جاننے کے لیے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم قطری حکام کا مؤقف ہے کہ انہیں ان پائلٹس کے بارے میں کوئی معلومات نہیں۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق 11 مارچ 2026 کو ایرانی فضائیہ کے دو سوخو-24 جنگی طیاروں نے قطر میں واقع العدید ایئر بیس کو نشانہ بنایا تھا۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ واپسی کے دوران خلیج فارس کے اوپر قطری فضائی دفاعی نظام نے ان طیاروں پر کارروائی کی۔

رپورٹس کے مطابق ایک طیارے کے پائلٹ میجر مجید کاظمی کی لاش حال ہی میں ایران منتقل کی گئی، جبکہ دیگر تین ایرانی پائلٹس کے بارے میں اب تک کوئی مصدقہ معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

اس معاملے پر قطر کی جانب سے باضابطہ طور پر کوئی نئی وضاحت سامنے نہیں آئی، جبکہ لاپتا پائلٹس کے حوالے سے ایرانی حکام کی تحقیقات جاری ہیں۔