اس وقت تہران اور واشنگٹن کے درمیان کسی بھی سطح پر مذاکرات جاری نہیں ہیں، ایرانی وزارت خارجہ
عمان کے ساتھ جاری مشاورت کا مقصد آبنائے ہرمز کو پہلے کی طرح مکمل طور پر کھولنا نہیں، بلکہ ایک نئے متفقہ بحری راستے پر اتفاق کرنا ہے۔
تہران: ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوے کے برعکس واضح کیا ہے کہ اس وقت تہران اور واشنگٹن کے درمیان کسی بھی سطح پر مذاکرات جاری نہیں ہیں۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی توجہ اس وقت عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز سے متعلق جاری مشاورت پر مرکوز ہے، جو گزشتہ کئی روز سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی کوشش ہے کہ باہمی تعاون سے ایسا نیا بحری راستہ طے کیا جائے جس کے ذریعے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اسماعیل بقائی نے واضح کیا کہ عمان کے ساتھ جاری مشاورت کا مقصد آبنائے ہرمز کو پہلے کی طرح مکمل طور پر کھولنا نہیں، بلکہ ایک نئے متفقہ بحری راستے پر اتفاق کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں اختیار کیا جانے والا راستہ نہ موجودہ شمالی بحری گزرگاہ ہوگا اور نہ ہی جنوبی، بلکہ دونوں فریقوں کی مشاورت سے ایک نیا راستہ طے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ ایران کے ساتھ نئے مذاکرات پیر سے شروع ہوں گے، تاہم ایرانی وزارتِ خارجہ نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال امریکا کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے۔