امریکا کی دبئی میں قائم کرپٹو ایکسچینج شیلبِٹ پر پابندیاں

امریکی حکام کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات سے اتفاق نہیں کرتا ۔شیلبِٹ

August 8, 2026 · بام دنیا

امریکی محکمہ خزانہ نے دبئی میں قائم کرپٹو کرنسی ایکسچینج شیلبِٹ اور بعض دیگر اداروں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق شیلبِٹ نے ایرانی حکومت سے مبینہ طور پر منسلک اداروں کو کرپٹو کرنسی کے ذریعے لاکھوں ڈالر کی منتقلی میں سہولت فراہم کی۔

امریکی اقدام کے مطابق یہ کارروائی ایران سے متعلق مالی سرگرمیوں اور پابندیوں سے بچنے کے مبینہ طریقوں کے خلاف وسیع تر اقدامات کا حصہ ہے۔

شیلبِٹ نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی نے جان بوجھ کر منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت، غیر قانونی جوئے، پابندیوں سے بچنے یا کسی پابندی زدہ سرکاری یا عسکری ادارے کے لیے کام نہیں کیا۔

کمپنی کے مطابق اس نے جنوری 2026 میں اپنی سرگرمیاں بند کردی تھیں۔

یہ پیش رفت اس تحقیق کے بعد سامنے آئی جس میں شیلبِٹ کو مبینہ طور پر ایسے مالی نیٹ ورک سے جوڑا گیا تھا جس کے ذریعے ایران پر عائد پابندیوں سے بچتے ہوئے اربوں ڈالر کی کرپٹو لین دین کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق شیلبِٹ کے ذریعے ایران کے مرکزی بینک سے متعلق کرپٹو لین دین بھی ہوئی، جبکہ پلیٹ فارم کے مبینہ روابط ایک غیر قانونی آن لائن جوئے کے نیٹ ورک سے بھی سامنے آئے۔

امریکا اس سے قبل ایران کے بڑے کرپٹو ایکسچینج نوبی ٹیکس کے خلاف بھی پابندیاں عائد کرچکا ہے۔

شیلبِٹ نے واضح کیا ہے کہ وہ امریکی حکام کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات سے اتفاق نہیں کرتا اور کمپنی کا مؤقف ہے کہ اس نے کسی غیر قانونی سرگرمی میں دانستہ طور پر حصہ نہیں لیا۔