امریکہ نے ایران کے جوہری پروگرام کو’تباہ‘ کر دیا ہے:امریکی نائب صدر کا دعویٰ
ا ایران مستقبل میں ایسی طویل مدتی تبدیلیاں کرنے کے لیے تیار ہے جن سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کی راہ ہموار ہو سکے۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کے جوہری پروگرام کو شدید نقصان پہنچا ہے، جبکہ تہران کی عسکری صلاحیتوں کو بھی بڑی حد تک کمزور کیا گیا ہے۔
فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا نے ایران کی روایتی اور غیر روایتی عسکری صلاحیتوں کو نشانہ بنایا، جس کے بعد ایران کی فوجی طاقت پہلے کی نسبت نمایاں طور پر متاثر ہوئی ہے۔
امریکی نائب صدر کے مطابق واشنگٹن اب یہ جائزہ لے رہا ہے کہ آیا ایران مستقبل میں ایسی طویل مدتی تبدیلیاں کرنے کے لیے تیار ہے جن سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کی راہ ہموار ہو سکے۔
جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ اگر ایران مطلوبہ تبدیلیوں پر آمادگی ظاہر نہیں کرتا تو امریکا تہران پر دباؤ برقرار رکھے گا۔
انہوں نے مشرقِ وسطیٰ میں توانائی کے حوالے سے امریکی پالیسی پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت خطے میں تیل اور گیس کی پیداوار بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ توانائی کی رسد میں اضافہ ہو اور امریکی شہریوں کے لیے ایندھن و توانائی کی قیمتیں کم کی جا سکیں۔
امریکی نائب صدر کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی اور ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معاملات عالمی سطح پر مسلسل توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔