ملک کےمختلف علاقوں میں 15 اگست تک سیلاب اورلینڈ سلائیڈنگ کاالرٹ جاری

دریائے سندھ، راوی اور چناب کے مختلف مقامات پر کم درجے کے بہاؤ کی پیشگوئی

August 13, 2026 · ماحولیاتی تغیر

فائل فوٹو

نیشنل ایمر جنسی آپریشن سینٹر(این ای او سی)  نے ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متعلق پیشگی الرٹ جاری کردیا۔

این ای او سی نے 13 اگست سے 15 اگست تک ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متعلق پیشگی الرٹ جاری کیا ہے اور  اس  دوران دریاؤں کے بالائی ملحقہ علاقوں میں بارش سے سیلاب کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

این ای او سی نے بتایا کہ بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں،گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان  ہے اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے، کےپی، آزاد کشمیر اور جی بی میں برساتی اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔

اس کے علاوہ کے پی میں چترال، سوات، شانگلہ، بٹگرام، اپر و لوئر دیر،کوہستان، ایبٹ آباد میں سیلابی صورتحال متوقع ہے، مانسہرہ، ہری پور، باجوڑ، بونیر، کرم اور کزئی، مردان، صوابی اور نوشہرہ میں سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔

ادھر حویلی، پونچھ اور سدھنوتی، گلگت بلتستان میں خرمنگ، گھانچے، گلگت، نگر، دیامر، ہنزہ، غذر، گوپس یاسین اور استور میں بھی اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان میں بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں اور برساتی نالوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

این ای او سی کے مطابق بلوچستان میں موسیٰ خیل، بارکھان، خضدار اور ڈیرہ بگٹی کے پہاڑی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے، پنجاب میں مری، ڈی جی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ 13 تا 15اگست پنجاب، خیبر پختونخوا کے بعض شہری علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

این ای او سی نے مزید بتایا کہ دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ، گڈو اور سکھر کے مقامات پر کم درجے کا بہاؤ متوقع ہے، دریائے راوی میں بلوکی اور دریائے چناب میں مرالہ اور خانکی کےمقامات پر کم درجے کا بہاؤ ہوسکتا ہے۔