امریکی بمباری سےایران میں شادی کی خوشیاں غم میں بدل گئیں،5 افراد جاں بحق
بندر عباس، قشم جزیرے اور آبنائے ہرمز کے قریبی علاقوں میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں
فوٹو سوشل میڈیا( ایکس)
امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران ایران کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر امریکی حملوں اور دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق بندر عباس، قشم جزیرے اور آبنائے ہرمز کے قریبی علاقوں میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ قشم جزیرے کے ماسان گاؤں کے قریب پانچ سے زائد دھماکوں کی اطلاعات ہیں، جبکہ آبنائے ہرمز کے قریب بھی مزید دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
رپورٹس کے مطابق جنوب مشرقی ایران کے علاقے سیرک کے قریب ایک شادی کی تقریب بھی مبینہ طور پر امریکی حملے کی زد میں آگئی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 35 سے زائد زخمی ہوئے۔
مقامی حکام کے مطابق سیرک کے قریب پیش آنے والے واقعے میں شادی کی تقریب میں شریک افراد متاثر ہوئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنوبی بندرگاہی شہر بندر عباس کے مشرقی علاقوں میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ اس کے علاوہ جنوب مشرقی ایران میں واقع جیرفت ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
دوسری جانب امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ایران میں پاسدارانِ انقلاب سے منسلک ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
حالیہ واقعات کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں، جبکہ آبنائے ہرمز اور خطے میں صورتحال پر عالمی سطح پر بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔