امریکا کی سعودی عرب کو 5 ارب ڈالر کے بم فروخت کرنے کی منظوری
مجوزہ دفاعی معاہدوں سے سعودی عرب کو موجودہ اور مستقبل کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔امریکی محکمہ خارجہ
فائل فوٹو
امریکا نے سعودی عرب کو تقریباً 5 ارب ڈالر مالیت کے جدید فضائی بموں کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق سعودی عرب کو جوائنٹ ڈائریکٹ اٹیک میونیشنز ایکسٹینڈڈ رینج (JDAM-ER) کی ممکنہ فروخت کی منظوری دی گئی ہے، جس کی مالیت تقریباً 5 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔
اس کے علاوہ سعودی عرب کو تقریباً 750 ملین ڈالر مالیت کے AGT-150 انجنوں کی ممکنہ فروخت کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ مجوزہ دفاعی معاہدوں سے سعودی عرب کو موجودہ اور مستقبل کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ان سودوں سے سعودی دفاعی تیاری، آپریشنل ضروریات پوری کرنے اور امریکا کے ساتھ دفاعی تعاون کو بھی مزید مضبوط بنانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب امریکا نے عمان اور عراق کے لیے بھی ممکنہ دفاعی معاہدوں کی منظوری دی ہے۔
عمان کے لیے F-16 جنگی طیاروں کی دیکھ بھال اور معاونت سے متعلق تقریباً 188 ملین ڈالر کے معاہدے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ عراق کو تقریباً 150 ملین ڈالر مالیت کے Bell 412EPX ہیلی کاپٹروں کی ممکنہ فروخت کی منظوری دی گئی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق ان مجوزہ دفاعی سودوں کا مقصد متعلقہ ممالک کی دفاعی صلاحیتوں اور امریکا کے ساتھ سکیورٹی تعاون کو مزید بہتر بنانا ہے۔