پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرایے بڑھانے کا اعلان

مطالبات پر پیش رفت نہ ہوئی تو دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دیدی۔

September 8, 2026 · اہم خبریں, قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد: آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے 5 فیصد کرایے بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے مقررہ مدت میں مطالبات پر مؤثر پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دے دی۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں، جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کیا جاتا ہے۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ گزشتہ 17 روز میں ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے، اسے فوری واپس لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ 8 اگست سے 17 اگست تک ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیرِ پیٹرولیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں پر گڈز ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال 40 دن کے لیے مؤخر کی تھی۔

ملک شہزاد اعوان نے مزید کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا۔