اسلام آباد میں گھر سے 800 کلو گدھے اور کتے کا گوشت برآمد
فوڈ اتھارٹی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، گھر سے متعدد زندہ جانور بھی برآمد
اسلام آباد میں گھر سے 800 کلو گدھے اور کتے کا گوشت برآمد
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے علاقے ڈی 14 میں فوڈ اتھارٹی اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک گھر سے 800 کلوگرام گدھے اور کتے کا گوشت برآمد کرلیا، جبکہ 12 زندہ گدھے، ایک مردہ گدھا، 5 زندہ کتے، 21 کچھوے، ایک گیدڑ اور ایک زندہ پینگولین بھی تحویل میں لے لیے گئے۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ گولڑہ میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔
فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی تھانہ گولڑہ کی حدود میں واقع سیکٹر ڈی 14 کے ایک گھر میں کی گئی، جہاں سے ممنوعہ گوشت اور مختلف جانور برآمد ہوئے۔
حکام کے مطابق برآمد کیے گئے زندہ جانور وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کردیے گئے، جبکہ گھر کو سیل کردیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملنے والے 800 کلوگرام ممنوعہ گوشت کو موقع پر ہی تلف کردیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی کے مطابق برآمد شدہ گوشت اور جانوروں کی نقل و حمل کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں تھا اور نہ ہی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی اجازت نامہ حاصل کیا گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے وقت گھر میں کوئی شخص موجود نہیں تھا، تاہم وہاں سے ایک غیر ملکی شہری کا پاسپورٹ اور ویزا ریفرنس ریکارڈ بھی ملا ہے۔
واقعے کے حوالے سے تھانہ گولڑہ میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔