پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ، مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، ایڈمرل نوید اشرف
یومِ بحریہ پر شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت،ایڈمرل نوید اشرف نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
فوٹو آئی ایس پی آر
اسلام آباد : پاک بحریہ نے 8 ستمبر کا ‘یومِ بحریہ’ رواں برس بھی روایتی عقیدت، ملی جوش و جذبے اور دفاعِ وطن کے غیر متزلزل عزم کے ساتھ منایا۔ دن کا آغاز پاک بحریہ کی تمام مساجد میں ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔
مرکزی تقریب نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جہاں سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر نیول چیف نے 1965 کی جنگ کے شہدا اور غازیوں کو عظیم قربانیوں پر شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس کے علاوہ پاک بحریہ کے مختلف فیلڈ کمانڈز اور ہیڈ کوارٹرز میں بھی شہداء کی یادگاروں پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی تقاریب منعقد کی گئیں۔
اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاک بحریہ نے قربانی، اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور شجاعت کی عظیم روایت کو پروان چڑھایا ہے۔ انہوں نے 1965 کی معرکہ آرائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 8 ستمبر 1965 کو پاک بحریہ کے شاندار آپریشن ‘دوارکا’ میں دشمن کے ساحلی ریڈار تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، اور معرکہ حق میں پاک بحریہ نے بھارتی بحریہ کو ہر ممکنہ جارحیت سے باز رکھا۔
امیر البحر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کا دفاع مکمل طور پر ناقابلِ تسخیر ہے اور دشمن کی کسی بھی قسم کی ایڈونچر یا جارحیت کا فیصلہ کن اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔