کسانوں اور ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی بڑھائی جائے:وزیراعظم
زرعی شعبہ ملکی معیشت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اس لیے کسانوں کو مالی وسائل تک آسان اور بلا رکاوٹ رسائی فراہم کرنا ضروری ہے
فوٹو سوشل میڈیا ایکس
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بینکوں اور مالیاتی اداروں پر زور دیا ہے کہ کسانوں، چھوٹے و درمیانے کاروبار اور ہاؤسنگ کے شعبے کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی میں اپنا کردار مزید مؤثر بنائیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت ایکسیس ٹو فنانس پلان 2026-28 کے جائزہ اجلاس میں زراعت، چھوٹے و درمیانے کاروباری اداروں اور وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت قرضوں کی فراہمی سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اس لیے کسانوں کو مالی وسائل تک آسان اور بلا رکاوٹ رسائی فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ کم آمدن اور متوسط طبقے کو کم لاگت پر گھر فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ ایسی جائیدادوں اور پلاٹس کا جامع سروے کیا جائے جنہیں وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت قرضوں کے حصول کے لیے استعمال کیا جاسکے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ 47 ہزار 504 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جن میں سے 53 ہزار 127 درخواستوں کی منظوری دی جاچکی ہے۔ منظور شدہ درخواستوں کی مجموعی مالیت 313 ارب 42 کروڑ روپے ہے، جبکہ 8 ہزار 739 درخواست گزاروں کو 45 ارب 43 کروڑ روپے کے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق ملک بھر میں ایسے پلاٹس کی نشاندہی کے لیے ایک نظام تیار کیا جا رہا ہے جو قرض کے لیے رہن کی شرائط پوری کرتے ہوں۔ اس نظام کا ابتدائی منصوبہ اسلام آباد سے شروع کیا جائے گا، جبکہ ہاؤسنگ پروگرام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے معروف تعمیراتی اداروں کو بھی شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اگست 2026 تک بینکوں نے زرعی شعبے کو ایک کھرب 26 ارب 80 کروڑ روپے کے قرضے فراہم کیے ہیں۔ ایکسیس ٹو فنانس پلان کے تحت جون 2028 تک زرعی قرضوں کا ہدف 2 کھرب روپے مقرر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق زرخیز ایپ کے ذریعے آسان زرعی قرضوں کے لیے اب تک 35 ہزار 838 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ان میں سے 7 ارب 35 کروڑ روپے کے قرضے منظور کیے گئے جبکہ ایک ارب 96 کروڑ روپے جاری کیے جاچکے ہیں۔
چھوٹے اور درمیانے کاروباری شعبے سے متعلق اجلاس کو بتایا گیا کہ اگست 2026 تک بینکوں نے ایس ایم ایز کو ایک کھرب 6 ارب 70 کروڑ روپے کے قرضے فراہم کیے۔ اس شعبے کے لیے بھی جون 2028 تک 2 کھرب روپے کے قرضوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایس ایم ای ڈی اے نے گزشتہ تین ماہ کے دوران ایک ہزار 96 چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کو مالیاتی امور سے متعلق تربیت فراہم کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قرضوں کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کرنے والے بینکوں اور مالیاتی اداروں کی حکومت حوصلہ افزائی کرے گی تاکہ ملک میں کاروباری سرگرمیوں، زرعی پیداوار اور ہاؤسنگ کے شعبے کو مزید فروغ دیا جاسکے۔