پاکستان سمیت 8 ممالک کا اسرائیلی بستیوں کیخلاف برطانوی پابندیوں کا خیر مقدم

ہ مشرقی یروشلم کو آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنایا جائے۔ مشترکہ اعلامیہ

September 9, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

مشترکہ بیان میں اسرائیلی غیر قانونی بستیوں سے منسلک خدمات پر برطانوی پابندیوں کا بھی خیرمقدم کرتے ہوئے عالمی برادری سے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے خلاف ایسے ہی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

آٹھ ممالک نے کہا کہ غیر قانونی اسرائیلی بستیوں میں سرگرم تنظیموں اور افراد کا احتساب کیا جائے، جبکہ غیر قانونی بستیوں سے تجارت پر پابندیوں کے لیے عالمی برادری ٹھوس اقدامات کرے۔

اعلامیے کے مطابق اسرائیلی آبادکاری کی سرگرمیاں بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔ سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 اور عالمی عدالت انصاف کی رائے بھی اسرائیلی قبضے کو غیر قانونی قرار دیتی ہے۔

مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیل مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی جغرافیائی اور آبادیاتی حیثیت تبدیل کرنے کے اقدامات واپس لے۔

آٹھ ممالک نے کہا کہ غزہ مقبوضہ فلسطینی علاقے کا لازمی حصہ ہے، جبکہ غزہ تنازع ختم کرنے کے لیے صدر ٹرمپ کے جامع امن منصوبے پر مکمل اور فوری عملدرآمد کیا جائے، غزہ میں سکیورٹی، استحکام، انسانی امداد اور تعمیر نو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ دیرپا اور جامع امن کا واحد قابلِ عمل راستہ دو ریاستی حل ہے، 4 جون 1967 کی سرحدوں پر آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست قائم کی جائے جبکہ مشرقی یروشلم کو آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنایا جائے۔