ایرانی وفد کے ساتھ ثالثوں کے ذریعے طویل بات چیت، مذاکرات کا دور مکمل،سٹیو وٹکوف
ثالث پورے دن امریکا اور ایران کے درمیان پیغامات کی ترسیل کرتے رہے
ایرانی وفد کے ساتھ ثالثوں کے ذریعے طویل بات چیت، مذاکرات کا دور مکمل،سٹیو وٹکوف
امریکا اور ایران کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ثالثوں کے ذریعے اہم سفارتی رابطے کا انکشاف ہوا ہے۔
امریکی خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف نے بتایا ہے کہ نیویارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ثالثوں کی مدد سے ایرانی وفد کے ساتھ طویل گفتگو ہوئی۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں سٹیو وٹکوف کا کہنا تھا کہ ثالث پورے دن امریکا اور ایران کے درمیان پیغامات کی ترسیل کرتے رہے۔ ان کے مطابق بات چیت کا ایک مرحلہ مکمل ہوگیا ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ عمل تعمیری نتائج کا باعث بنے گا۔
امریکی خصوصی ایلچی نے کہا کہ ثالث دونوں فریقوں کے درمیان رابطے کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ منگل کے روز امریکی اور ایرانی نمائندوں کے درمیان تقریباً تین گھنٹے تک بات چیت ہوئی۔
ٹرمپ نے اس ملاقات کو مثبت اور نتیجہ خیز قرار دیا، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ امریکی اور ایرانی جانب سے اس گفتگو میں کون کون سے افراد شریک تھے۔