جنوبی افریقہ میں گھر پر فائرنگ، 11 افراد ہلاک
حملے کے نتیجے میں دس افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جب کہ ایک اور شخص اسپتال لے جانے کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
جنوبی افریقہ میں گھر پر فائرنگ، 11 افراد ہلاک
جنوبی افریقہ کے صوبہ کوازولو میں ایک گھر پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
واقعہ ڈربن کے جنوب میں واقع ایک ٹاؤن شپ میں رات گئے پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم مسلح افراد ایک رہائشی احاطے میں داخل ہوئے اور وہاں موجود افراد پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک زخمی نے اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑ دیا۔ زخمی ہونے والے دیگر تین افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق متاثرین ایک رہائشی مکان کے اندر جمع تھے، جہاں رات تقریباً 11 بجے سے قبل حملہ آوروں نے اچانک دھاوا بول دیا۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل ہونے کی اطلاع ہے۔
حملہ آور واردات کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے، تاہم فرار ہونے سے پہلے انہوں نے گھر کے مالک کی گاڑی کو آگ لگا دی۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔