امریکا اور ایران میں تعطل ختم کرنے کیلئے مرحلہ وار معاہدے پر غور
ممکنہ معاہدے کے تحت ایران آبنائے ہرمز کھول سکتا ہے جبکہ امریکا کی جانب سے ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کرنے پر بات چیت کی جا رہی ہے۔
امریکا اور ایران میں تعطل ختم کرنے کیلئے مرحلہ وار معاہدے پر غور
نیویارک: امریکا اور ایران کے وفود کے درمیان جنگ کے خاتمے اور موجودہ تعطل کو ختم کرنے کے لیے مرحلہ وار طریقہ کار پر مذاکرات جاری ہیں۔
باخبر ذرائع کے مطابق نیویارک میں ہونے والے مذاکرات میں دونوں ممالک کے نمائندے کئی ماہ سے جاری جنگ سے مرحلہ وار نکلنے کے امکانات پر غور کر رہے ہیں۔ خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق ممکنہ معاہدے کے تحت ایران آبنائے ہرمز کھول سکتا ہے جبکہ امریکا کی جانب سے ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کرنے پر بات چیت کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایران کی جانب سے بعض معاملات میں لچک کا اشارہ دیا گیا ہے، تاہم آبنائے ہرمز کے معاملے پر اس کا مؤقف بدستور اہم ہے۔
ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے کہا ہے کہ موجودہ تعطل ختم کرنے کے لیے مرحلہ وار معاہدہ ایک قابلِ عمل راستہ ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب امریکی مذاکرات کار رہنے والے ڈینس راس نے کہا ہے کہ امریکی وسط مدتی انتخابات سے قبل دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کے امکانات تقریباً 30 فیصد ہیں۔
مذاکرات میں جنگ کے خاتمے، آبنائے ہرمز کی صورتحال اور ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں سمیت مختلف امور پر پیش رفت کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔