اپنی سرزمین پر دشمنانہ سرگرمیاں برداشت نہیں کریں گے،برطانیہ کی ایران کو سخت وارننگ
دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس جاری ہے
اپنی سرزمین پر دشمنانہ سرگرمیاں برداشت نہیں کریں گے،برطانیہ کی ایران کو سخت وارننگ
نیویارک ،برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ برطانیہ اپنی سرزمین پر کسی بھی قسم کی دھمکی، دباؤ یا دشمنانہ سرگرمی کو برداشت نہیں کرے گا۔
اسکائی نیوز کے مطابق ایڈ ملی بینڈ نے یہ بات نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کے دوران کہی۔
ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، خطے میں جاری جنگ، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور برطانیہ میں ایران سے منسلک گروہوں کی مبینہ سرگرمیوں سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
برطانوی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ لندن اپنی سرزمین پر ایسے کسی اقدام کو قبول نہیں کرے گا جس سے لوگوں کو دھمکی، خوف یا دباؤ کا سامنا ہو یا جسے دشمنانہ سرگرمی تصور کیا جائے۔
ملاقات میں آبنائے ہرمز کی صورتحال بھی زیرِ بحث آئی۔ یہ بحری گزرگاہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے حوالے سے اہم سمجھی جاتی ہے، جبکہ خطے میں کشیدگی کے باعث اس کی صورتحال عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس جاری ہے اور مختلف ممالک مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے، سفارتی کوششوں اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر بات چیت کر رہے ہیں۔