کانگو میں فوجی طیارہ گر کر تباہ، 14 افراد ہلاک
دوران پرواز طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی، جس کے بعد پائلٹ نے صوبہ کوانگو کے شہر کینج میں ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی۔
کانگو میں فوجی طیارہ گر کر تباہ، 14 افراد ہلاک
وسطی افریقی ملک کانگو میں فوجی کارگو طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 14 افراد ہلاک ہوگئے۔
مقامی حکام کے مطابق طیارہ جنوب مغربی شہر کیک وٹ سے دارالحکومت کنشاسا کی جانب محو سفر تھا۔ دوران پرواز طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی، جس کے بعد پائلٹ نے صوبہ کوانگو کے شہر کینج میں ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی۔
حکام کے مطابق کینج میں طیارے کی لینڈنگ کے لیے مناسب رن وے موجود نہیں تھا، جس کے باعث فوجی طیارہ رہائشی علاقے میں جاگرا اور تباہ ہوگیا۔
طیارے میں کانگو کی فوج کے آڈیٹر جنرل جنرل لکیولیا باکومی سمیت ایک میجر، ایک کیپٹن، دیگر فوجی اہلکار اور شہری بھی موجود تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں تمام افراد جان کی بازی ہار گئے۔
رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد 12 لاشیں بری طرح جھلسنے کے باعث شناخت کے قابل نہیں رہیں، جبکہ پائلٹ کی لاش طیارے کے ملبے سے باہر سے ملی۔
کانگو کی حکومت کے مطابق فضائی حادثات کی تحقیقات کرنے والے ادارے نے واقعے کی باقاعدہ تفتیش شروع کردی ہے تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔
یہ فوجی طیارہ کانگو کے شمالی علاقوں میں فوجی سامان پہنچانے کے مشن پر استعمال ہورہا تھا، جہاں سرکاری فوج مختلف مسلح گروہوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے۔
کانگو کی فوج کو مشرقی علاقوں میں باغی گروہوں کے ساتھ جاری لڑائی کے دوران بھاری نقصان کا سامنا رہا ہے۔ ان گروہوں میں روانڈا کی حمایت یافتہ ایم 23 تنظیم بھی شامل ہے، جس نے ملک کے مشرقی حصے کے مختلف علاقوں میں اپنا اثر و رسوخ بڑھایا ہے۔