78 سالہ سکاٹش خاتون نے فورٹ نائٹ کا عالمی ریکارڈ بنا لیا
کیتھ بووی کو 2017 میں فورٹ نائٹ میں دلچسپی اس وقت پیدا ہوئی جب انہوں نے اپنے پوتے کو یہ کھیل کھیلتے دیکھا
فوٹو گوگل
سکاٹ لینڈ کی 78 سالہ خاتون کیتھ بووی نے ویڈیو گیم فورٹ نائٹ کی لائیو اسٹریمنگ میں گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرلیا۔
کیتھ بووی نے آن لائن پلیٹ فارم ٹوئچ پر اپنے گیمنگ سیشنز کے ذریعے فورٹ نائٹ کی معمر ترین خاتون اسٹریمر کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ وہ گزشتہ تقریباً 9 برس سے اپنے گیمنگ سیشنز ایک مخصوص نام سے لائیو نشر کر رہی ہیں۔
کیتھ بووی کو 2017 میں فورٹ نائٹ میں دلچسپی اس وقت پیدا ہوئی جب انہوں نے اپنے پوتے کو یہ کھیل کھیلتے دیکھا۔ گیم پسند آنے کے بعد انہوں نے خود بھی اسے آزمانا شروع کیا اور وقت گزرنے کے ساتھ یہ ان کے پسندیدہ مشغلوں میں شامل ہوگیا۔
گینیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو میں کیتھ بووی نے بتایا کہ تقریباً نو سال گزرنے کے باوجود فورٹ نائٹ کھیلنے کا شوق آج بھی برقرار ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے کئی دوسری ویڈیو گیمز بھی کھیل کر دیکھیں، لیکن جو دلچسپی فورٹ نائٹ میں محسوس ہوئی، وہ کسی اور کھیل میں نہیں ملی۔
78 سالہ گیمر کا کہنا ہے کہ وہ خود کو صرف گیمر کہنے کے بجائے فورٹ نائٹر کہنا زیادہ پسند کرتی ہیں۔ انہوں نے اپنی عمر کو شوق کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا اور مسلسل گیمنگ سے وابستہ رہیں۔