انڈونیشیا کی جیل میں وی آئی پی قیدیوں کیلئے لگژری سہولیات،5 جیل اہلکارمعطل
تفتیشی ٹیم نے وہاں مہنگی گاڑیاں بھی دیکھیں، جن میں ٹویوٹا الفارڈ اور ٹویوٹا فورچونر شامل تھیں
انڈونیشیا کی جیل میں وی آئی پی قیدیوں کیلئے لگژری سہولیات،5 جیل اہلکارمعطل
جکارتہ کے قریب انڈونیشیا کی ایک جیل میں چھاپے کے دوران وی آئی پی قیدیوں کے لیے غیر معمولی سہولیات کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد 5 جیل اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔
انڈونیشیا کے محتسب کے ادارے کی جانب سے سیبنونگ کلاس ٹو اے جیل میں اچانک کارروائی کی گئی۔ معائنے کے دوران ایک ایسے کمپاؤنڈ کا پتہ چلا جہاں بعض قیدیوں کو عام جیل کے بجائے اپارٹمنٹ طرز کی رہائش اور مختلف اضافی سہولیات فراہم کی جا رہی تھیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق کمپاؤنڈ میں کم از کم 10 رہائشی یونٹس موجود تھے، جن میں ایئر کنڈیشنرز، بڑی اسکرین والے ٹی وی، صوفے، فریج، کھانے کی جگہ اور دیگر گھریلو سامان موجود تھا۔
تفتیشی ٹیم نے وہاں مہنگی گاڑیاں بھی دیکھیں، جن میں ٹویوٹا الفارڈ اور ٹویوٹا فورچونر شامل تھیں۔ اس کے علاوہ سوئمنگ پول، جم اور گالف سمیولیٹر کی زیر تعمیر سہولت بھی سامنے آئی۔
محتسب کی ٹیم کے مطابق کمپاؤنڈ میں ایک ایسا پچھلا راستہ بھی موجود تھا جس کے ذریعے جیل کے سرکاری چیک پوائنٹس سے گزرے بغیر ملحقہ علاقے میں آمدورفت ممکن تھی۔
رپورٹس کے مطابق یہ کمپاؤنڈ جیل کے سربراہ کی رہائش گاہ کے قریب واقع تھا۔ محتسب کی ٹیم کے وہاں پہنچنے پر مبینہ طور پر بعض محافظوں نے ابتدا میں معائنہ کرنے والی ٹیم کو اندر جانے سے روکنے کی کوشش بھی کی۔
انڈونیشیا کے محتسب کے ادارے کی رکن سیافریدا رچماوتی راساہن نے پارلیمانی سماعت کے دوران کہا کہ تحقیقات میں ایسے شواہد ملے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ بعض قیدیوں کو عام قیدیوں کے مقابلے میں خصوصی سہولیات حاصل تھیں۔
ان کے مطابق اگر جیل کے نظام میں موجود خامیوں کو دور نہ کیا گیا تو مستقبل میں اس سے بھی زیادہ سنگین بے ضابطگیاں سامنے آسکتی ہیں۔