ایران سے ممکنہ جنگ کا خدشہ، امریکا نے سعودی عرب اور قطر میں پیٹریاٹ میزائل پہنچا دیے

یہ تعیناتیاں ایسے وقت میں کی گئی ہیں جب ایران کے ساتھ کشیدگی کے باعث خطے میں ممکنہ فوجی کارروائی کے خدشات موجود ہیں

October 2, 2026 · بام دنیا
ایران سے ممکنہ جنگ کا خدشہ، امریکا نے سعودی عرب اور قطر میں پیٹریاٹ میزائل پہنچا دیے

ایران سے ممکنہ جنگ کا خدشہ، امریکا نے سعودی عرب اور قطر میں پیٹریاٹ میزائل پہنچا دیے

امریکا نے سعودی عرب اور قطر میں مزید دو پیٹریاٹ میزائل دفاعی بیٹریاں تعینات کردی ہیں، جس کا مقصد دونوں ممالک کی اہم توانائی تنصیبات کو ممکنہ حملوں سے تحفظ فراہم کرنا بتایا گیا ہے۔

امریکی ویب سائٹ ایکسیوس کی رپورٹ کے مطابق یہ تعیناتیاں ایسے وقت میں کی گئی ہیں جب ایران کے ساتھ کشیدگی کے باعث خطے میں ممکنہ فوجی کارروائی کے خدشات موجود ہیں۔ رپورٹ میں دو امریکی حکام اور ایک علاقائی ذریعے کا حوالہ دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک پیٹریاٹ بیٹری گزشتہ ماہ سعودی عرب بھیجی گئی، جہاں اسے ایک اہم تیل تنصیب کے دفاع کے لیے تعینات کیا گیا ہے، جبکہ دوسری بیٹری قطر پہنچائی گئی ہے تاکہ ایک اہم قدرتی گیس تنصیب کو ممکنہ حملوں سے محفوظ رکھا جاسکے۔

ایکسیوس کے مطابق امریکا کی جانب سے یہ اقدام سعودی عرب اور قطر کو اس بات کی یقین دہانی کرانے کے لیے بھی کیا گیا ہے کہ اگر ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع ہوتی ہیں تو واشنگٹن ان کے اہم توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے تحفظ میں مدد کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق سعودی اور قطری قیادت پہلے ہی ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں اپنی توانائی تنصیبات کو جوابی حملوں کا نشانہ بنائے جانے کے خدشات ظاہر کرچکی ہے۔

دوسری جانب ایران کے ساتھ کشیدگی کے دوران امریکا مشرق وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی اور دفاعی تیاریوں میں اضافہ کر رہا ہے۔ حالیہ رپورٹس میں امریکی بحری اور دیگر فوجی وسائل کی خطے میں منتقلی کا بھی ذکر کیا گیا ہے

پیٹریاٹ نظام بیلسٹک میزائل، کروز میزائل اور دیگر فضائی خطرات کے خلاف دفاع کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، تاہم سعودی عرب اور قطر میں ان تازہ تعیناتیوں سے کسی نئی فوجی کارروائی کے حتمی فیصلے کی تصدیق نہیں ہوتی