دبئی سے لندن جانے والی پرواز کی ہنگامی لینڈنگ

ایمریٹس کی پرواز ای کے 31 دبئی سے لندن ہیتھرو جارہی تھی کہ ایک مسافر کو طبی ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔

October 3, 2026 · بام دنیا
دبئی سے لندن جانے والی پرواز کی ہنگامی لینڈنگ

دبئی سے لندن جانے والی پرواز کی ہنگامی لینڈنگ

دبئی سے لندن جانے والی ایمریٹس کی پرواز کو دورانِ سفر ایک مسافر کی طبیعت اچانک خراب ہونے کے باعث جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔

دبئی میڈیا آفس کے مطابق ایمریٹس کی پرواز ای کے 31 دبئی سے لندن ہیتھرو جارہی تھی کہ ایک مسافر کو طبی ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ کیبن عملے نے دورانِ پرواز مسافر کو ابتدائی مدد فراہم کی، جبکہ فرینکفرٹ پہنچنے پر مزید طبی امداد کا انتظام کیا گیا۔

بیان کے مطابق طیارہ فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر بحفاظت اتر گیا، جہاں متاثرہ مسافر کو طبی امداد کے لیے طیارے سے باہر منتقل کردیا گیا۔

دبئی میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ پرواز کے مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے لندن ہیتھرو کے لیے دوبارہ روانہ ہونے کی توقع تھی۔

یہ واقعہ ایک روز بعد پیش آیا جب دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 کو بھی ایک مختلف ہنگامی صورتحال کے باعث سعودی عرب کے شمال مغربی شہر تبوک میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔ پرواز میں 174 مسافر سوار تھے اور کاک پٹ میں تلخ کلامی کی اطلاع کے بعد طیارے کا رخ تبوک کی جانب موڑا گیا تھا۔