مسجد نبوی ﷺ کے زائرین کے لیے نیا فاسٹ ٹریک بس روٹ متعارف

نئے روٹ سے جدہ اور مکہ مکرمہ سے ٹرین کے ذریعے مدینہ منورہ آنے والے زائرین کو براہ راست مسجد نبوی ﷺ تک پہنچنے میں آسانی ہوگی

October 3, 2026 · بام دنیا
مسجد نبوی ﷺ کے زائرین کے لیے نیا فاسٹ ٹریک بس روٹ متعارف(فائل فوٹو)

مسجد نبوی ﷺ کے زائرین کے لیے نیا فاسٹ ٹریک بس روٹ متعارف(فائل فوٹو)

مدینہ منورہ: مسجد نبوی ﷺ کے زائرین اور شہریوں کی سہولت کے لیے مدینہ بس سروس کے نیٹ ورک میں نیا فاسٹ ٹریک روٹ شامل کردیا گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق مدینہ منورہ ترقیاتی اتھارٹی کے زیر انتظام مدینہ بس سروس نے فاسٹ ٹریک روٹ نمبر 300 کا آغاز کیا ہے، جو حرمین ہائی اسپیڈ ریلوے اسٹیشن کو مسجد نبوی ﷺ کے مرکزی بس اسٹیشن سے منسلک کرے گا۔

نئے روٹ سے جدہ اور مکہ مکرمہ سے ٹرین کے ذریعے مدینہ منورہ آنے والے زائرین کو براہ راست مسجد نبوی ﷺ تک پہنچنے میں آسانی ہوگی۔ ریلوے اسٹیشن سے مسجد نبوی ﷺ کے مرکزی علاقے تک براہ راست بس سروس دستیاب ہونے سے سفر مزید سہل ہوجائے گا۔

مدینہ بس سروس شہر میں زائرین اور شہریوں کو آمدورفت کی سہولت فراہم کرتی ہے، جبکہ رمضان المبارک اور حج کے موسم میں اس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔

حکام کے مطابق نئی بس سروس سے مدینہ منورہ میں مقیم شہریوں اور غیر ملکیوں سمیت مسجد نبوی ﷺ آنے والے زائرین کو بھی سفری سہولت میسر آئے گی۔