امریکی ریاست میں کھدائی کے دوران 6.03 قیراط کا بڑا ہیرا دریافت
جیک پیراڈن گزشتہ 12 برس سے زائد عرصے سے شوقیہ طور پر پتھروں اور قیمتی جواہرات کی تلاش کرتے آرہے ہیں
امریکی ریاست میں کھدائی کے دوران 6.03 قیراط کا بڑا ہیرا دریافت
امریکی ریاست آرکنساس میں ایک بحریہ کے ریزروسٹ نے کھدائی کے دوران 6.03 قیراط وزنی ہیرا دریافت کرلیا، جس کی ممکنہ قیمت کے حوالے سے مختلف اندازے سامنے آئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جیک پیراڈن گزشتہ 12 برس سے زائد عرصے سے شوقیہ طور پر پتھروں اور قیمتی جواہرات کی تلاش کرتے آرہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس مشغلے سے انہیں کبھی کوئی خاص مالی فائدہ نہیں ہوا۔
رپورٹس کے مطابق رواں سال کے آغاز میں ایک دوست کے ہمراہ کھدائی کے دوران انہیں ایک ایسا پتھر ملا جو ان کی سابقہ دریافتوں سے بالکل مختلف تھا۔ جیک پیراڈن اس وقت آرکنساس کے کریٹر آف ڈائمنڈز اسٹیٹ پارک میں اپنی تلاش کو براہِ راست نشر بھی کررہے تھے۔
انہوں نے بجری سے بھری بالٹی کو دھونے کے بعد جب اس کا مواد میز پر خالی کیا تو انہیں ایک چمکتا ہوا ہیرا نظر آیا۔ ہیرا دیکھتے ہی وہ حیرت اور خوشی سے چیخ اٹھے۔
بتایا جاتا ہے کہ 6.03 قیراط کا یہ ہیرا تقریباً ایک ناخن کے برابر ہے اور رواں سال مذکورہ پارک سے دریافت ہونے والا سب سے بڑا ہیرا قرار دیا جارہا ہے۔
جواہرات کے بعض ماہرین اور کلیکٹرز کے مطابق ہیرے کی مالیت 10 لاکھ ڈالر سے زیادہ ہوسکتی ہے، تاہم ایک تجربہ کار ماہرِ قدر نے اسی حجم اور معیار کے ہیرے کی قیمت تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر کے قریب بتائی ہے۔
اس غیر معمولی دریافت نے جیک پیراڈن کے کئی برس پرانے شوق کو ایک بڑی اور یادگار دریافت میں تبدیل کردیا ہے۔