حوثیوں کا سعودی آرامکو کی ریفائنری پر حملے کا دعویٰ
سعودی آرامکو کی تنصیب پر کارروائی یمن کے دارالحکومت صنعا اور دیگر علاقوں میں سعودی حملوں کے جواب میں کی گئی۔
حوثیوں کا سعودی آرامکو کی ریفائنری پر حملے کا دعویٰ
یمن کے حوثی گروپ نے سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو کی ایک ریفائنری کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حوثیوں کا کہنا ہے کہ سعودی آرامکو کی تنصیب پر کارروائی یمن کے دارالحکومت صنعا اور دیگر علاقوں میں سعودی حملوں کے جواب میں کی گئی۔
دوسری جانب سعودی سول ڈیفنس کے مطابق صوبہ عسیر کے گورنریٹ احد رفیدہ میں حوثیوں کی جانب سے داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو فضا میں تباہ کیا گیا، تاہم میزائل کے ملبے کی زد میں آکر ایک شخص زخمی ہوگیا۔
سعودی حکام کے مطابق جنوبی شہر نجران میں بھی حوثیوں کی جانب سے داغے گئے ایک پروجیکٹائل کے نتیجے میں ایک اسکول کو نقصان پہنچا۔
تاہم سعودی حکام نے فوری طور پر آرامکو کی کسی تنصیب کو نشانہ بنائے جانے کی تصدیق نہیں کی، جبکہ آرامکو کی جانب سے بھی اس دعوے پر تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
رائٹرز کو ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ہفتے کے روز ریاض میں آرامکو کی ایک تنصیب کے قریب دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے گئے۔ عینی شاہد کے مطابق فائر فائٹرز بھی موقع پر پہنچے اور آگ پر قابو پانے کی کارروائی کی۔
حوثیوں نے گزشتہ ہفتے بھی دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے یَنبُع میں سعودی آرامکو کی تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔
اس وقت سعودی عرب نے کہا تھا کہ اس نے حوثیوں کی جانب سے طائف اور یَنبُع کی سمت داغے گئے 6 بیلسٹک میزائلوں کو روک لیا ہے، تاہم سعودی حکام نے آرامکو کی تنصیبات کو پہنچنے والے کسی نقصان کی تصدیق نہیں کی تھی۔