یمنی فوج کا 700 حوثی جنگجو ہلاک کرنے کا دعویٰ
حکومتی فورسز نے کارروائیوں کے دوران جنگی طیاروں، ڈرونز، توپ خانے، میزائلوں اور راکٹ لانچروں کا استعمال کیا۔
یمنی فوج کا 700 حوثی جنگجو ہلاک کرنے کا دعویٰ
یمنی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے مختلف محاذوں پر کی جانے والی 257 فوجی کارروائیوں کے دوران کم از کم 700 حوثی جنگجو ہلاک ہوئے۔
فوجی ترجمان کرنل ماجد النزیلی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ حکومتی فورسز نے کارروائیوں کے دوران جنگی طیاروں، ڈرونز، توپ خانے، میزائلوں اور راکٹ لانچروں کا استعمال کیا۔
ترجمان کے مطابق فوجی کارروائیوں کا دائرہ صنعاء، میدی، باقم، الجوف، ماریب، البیضاء اور لحج کے مختلف محاذوں تک پھیلا ہوا تھا، جبکہ تائیز کے محاذوں پر فوجی سرگرمیاں زیادہ نمایاں رہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائیوں میں حوثیوں کے کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز، جنگی سازوسامان اور فوجی ذخائر، اسلحہ و گولہ بارود کے ڈپو، جبکہ فوجی رسد اور نقل و حمل کے راستوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
یمنی فوج کے ترجمان نے کہا کہ ابتدائی جنگی اندازوں کے مطابق کارروائیوں کے نتیجے میں کم از کم 700 حوثی جنگجو ہلاک ہوئے، جبکہ 170 فوجی گاڑیوں اور دیگر جنگی اثاثوں کو بھی تباہ کیا گیا۔
یمنی فوج نے مزید دعویٰ کیا کہ کارروائیوں کے دوران متعدد اہم اور حساس فوجی اہداف کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔