امریکا جانے والی ایئر ایمبولینس سمندر میں گر کر تباہ، ملبہ مل گیا
گلف اسٹریم جی 100 میڈیکل جیٹ میں عملے کے ارکان سمیت 6 افراد سوار تھے
امریکا جانے والی ایئر ایمبولینس سمندر میں گر کر تباہ، ملبہ مل گیا
امریکا جاتے ہوئے ایئر ایمبولینس طیارے کے سمندر میں گر کر تباہ ہونے کی تصدیق ہوگئی، جبکہ حکام نے حادثے کا ملبہ بھی تلاش کرلیا ہے۔
حکام کے مطابق طیارہ میساچوسٹس کے جزیرے نانٹکٹ کے قریب بحر اوقیانوس میں گر کر تباہ ہوا۔ گلف اسٹریم جی 100 میڈیکل جیٹ میں عملے کے ارکان سمیت 6 افراد سوار تھے، جن میں 4 کینیڈین شہری، ایک مریض اور اس کا تیماردار شامل تھے۔
رپورٹس کے مطابق طیارے نے برمودا ایئرپورٹ سے رات 12 بج کر 41 منٹ پر بوسٹن کے لیے پرواز شروع کی تھی، تاہم نانٹکٹ کے قریب رات تقریباً 1 بج کر 20 منٹ پر طیارے سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
حکام نے بتایا کہ طیارے میں سوار افراد کے زندہ بچنے یا ان کی لاشیں ملنے کی باضابطہ تصدیق تاحال نہیں کی گئی۔ حادثے کے بعد امریکی کوسٹ گارڈ نے ہیلی کاپٹروں، طیاروں اور کشتیوں کے ذریعے بڑے پیمانے پر تلاش اور امدادی کارروائی شروع کردی۔
کوسٹ گارڈ حکام کے مطابق نانٹکٹ کے ساحل کے قریب سمندر سے ملنے والا ملبہ اسی ایئر ایمبولینس کا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق طیارہ لاپتا ہونے سے کچھ دیر قبل تقریباً 9 ہزار فٹ کی بلندی صرف دو منٹ میں کھو بیٹھا، اس کے بعد کچھ وقت کے لیے اس کی پوزیشن برقرار رہی اور پھر طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا۔
حکام کے مطابق حادثے سے قبل پائلٹ نے ہنگامی صورتحال کا اعلان بھی کیا تھا۔ ملبے کے بکھرنے سے ابتدائی طور پر اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ طیارہ انتہائی تیز رفتاری سے سمندر کی سطح سے ٹکرایا۔