صومالیہ سے زخمی پاکستانی ملاح اور جاں بحق افراد کی میتیں وطن روانہ

جبوتی اور ایتھوپیا میں تعینات پاکستانی سفارتی حکام نے ایم ٹی آنر 25 کے زخمی عملے کے 4 پاکستانی ارکان کو وطن روانہ کردیا ہے۔

October 4, 2026 · بام دنیا
صومالیہ سے زخمی پاکستانی ملاح اور جاں بحق افراد کی میتیں وطن روانہ

صومالیہ سے زخمی پاکستانی ملاح اور جاں بحق افراد کی میتیں وطن روانہ

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ صومالی قزاقوں کے حملے میں زخمی ہونے والے پاکستانی ملاحوں اور جاں بحق افراد کی میتیں وطن واپس روانہ کردی گئی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جبوتی اور ایتھوپیا میں تعینات پاکستانی سفارتی حکام نے ایم ٹی آنر 25 کے زخمی عملے کے 4 پاکستانی ارکان کو وطن روانہ کردیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق زخمی ملاحوں میں عثمان غنی، عقیل خان، امین بن شمس اور یاسر خان شامل ہیں، جو آج کراچی پہنچیں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے 3 پاکستانی شہریوں کی میتیں بھی کراچی روانہ کردی گئی ہیں۔ جاں بحق افراد میں رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری شامل ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق زخمی ملاحوں کی وطن واپسی اور جاں بحق افراد کی میتیں پاکستان منتقل کرنے کے لیے متعلقہ پاکستانی سفارتی حکام نے ضروری انتظامات مکمل کیے۔