سعودی عرب میں منگولیا کے شکاری باز لاکھوں ریال میں فروخت
بین الاقوامی نمائش، دو باز کروڑوں میں نیلام، سعودی فالکنرز کی گہری دلچسپی۔
سعودی عرب میں نمائش کے دوران پیش کیے جانے والے منگولین شکاری باز
سعودی عرب میں منعقدہ بین الاقوامی سعودی فالکنز اینڈ ہنٹنگ نمائش کے دوران منگولیا سے تعلق رکھنے والے 2 شکاری باز لاکھوں ریال میں فروخت ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس نیلامی میں کم عمر منگولین باز ایک لاکھ 50 ہزار سعودی ریال جبکہ ایک بالغ باز کے لیے خریدار نے 4 لاکھ سعودی ریال کی بھاری رقم ادا کی، جس سے دونوں بازوں کی مجموعی فروخت 5 لاکھ 50 ہزار سعودی ریال (تقریباً ایک لاکھ 47 ہزار امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی۔
اس نمائش میں مسلسل دوسری مرتبہ منگولین بازوں کے لیے خصوصی سیکشن قائم کیا گیا ہے جہاں ان کی شاندار جسامت، مضبوط پروں اور طویل پرواز کی صلاحیت کے باعث سعودی فالکنرز کی جانب سے خاص دلچسپی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق منگولین ساکر فالکن سخت موسمی حالات میں زندہ رہنے، تربیت کے دوران بہترین ردعمل دینے اور شکار کے وقت غیر معمولی برداشت کی صلاحیت کی وجہ سے انتہائی قیمتی سمجھے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ بازوں کے پروں اور جسم کے رنگوں میں پایا جانے والا فرق بھی نیلامی کے دوران ان کی قیمت کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
نیلامی کے عمل سے قبل تمام شرکا کو ان قیمتی بازوں کا قریب سے جائزہ لینے کا موقع فراہم کیا گیا تھا۔ اس نمائش میں سعودی عرب سمیت دنیا بھر سے فالکنری کے شوقین افراد اور ماہرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تاریخی پس منظر کے حوالے سے دستیاب معلومات کے مطابق سعودی عرب اور منگولیا کے درمیان بازوں کی تجارت کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ منگولین ساکر فالکن 1990 کی دہائی سے سعودی منڈی میں پہنچ رہے ہیں جبکہ سال 1997 کے دوران سعودی عرب نے منگولیا سے 116 باز درآمد کیے تھے۔