مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی کارروائی،2 بچے گرفتاراور1شہری جاں بحق

فوجی چھاپہ، نابلس سے کمسن گرفتار، چیک پوسٹ پر دل کا دورہ۔

October 5, 2026 · بام دنیا
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی کارروائی اور چیک پوسٹ کا منظر

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی کارروائی اور چیک پوسٹ کا منظر

 

مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیاں بدستور جاری ہیں، جن کے دوران تازہ کارروائی میں 2 فلسطینی بچے گرفتار جبکہ ایک فلسطینی شہری دورانِ حراست جاں بحق ہوگیا ہے۔

فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے نابلس کے مغرب میں واقع گاؤں دِیر شرف پر چھاپہ مار کر دو فلسطینی بچوں کو گرفتار کرلیا۔ رپورٹ کے مطابق قابض فورسز نے پیر کی صبح گاؤں میں داخل ہوکر متعدد گھروں کی تلاشی لی اور دو کمسن بچوں کریم مرعیٰ موسیٰ اور فاروق انمار نوفل کو حراست میں لے لیا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے دوران کئی گھروں کا سامان بھی تلاشی کے نام پر الٹ پلٹ کیا گیا، تاہم بچوں کی گرفتاری کی فوری طور پر کوئی اسرائیلی وضاحت سامنے نہیں آئی۔

فلسطینی قیدیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے ریکارڈ کے مطابق اکتوبر 2023 میں غزہ تنازع کے آغاز سے لے کر اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں تقریباً 2000 فلسطینی بچوں کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتی رہی ہیں کہ اسرائیلی حراست میں بچوں کو سخت جسمانی تشدد، خوراک اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی اور تنہائی جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ایک اور واقعے میں فلسطینی ہلالِ احمر کے مطابق طولکرم کے مشرق میں واقع عناب چیک پوسٹ پر 45 سالہ فلسطینی شہری رأفت خیری ابو خلیل دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئے۔ فلسطینی خبر رساں ادارے کے مطابق مرحوم ابو خلیل اریحا میں فلسطینی ملٹری ٹریننگ اتھارٹی میں کپتان کے عہدے پر تعینات تھے اور چیک پوسٹ پر نقل و حرکت پر عائد پابندیوں کے دوران ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی تھی، جن کی میت بعد ازاں طولکرم کے سرکاری ہسپتال منتقل کر دی گئی۔

اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیزے نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیک پوسٹوں، دروازوں اور سڑکوں پر رکاوٹوں کا بڑھتا ہوا نظام فلسطینی شہریوں کی روزگار، علاج، تعلیم اور بنیادی خاندانی زندگی تک رسائی کو شدید متاثر کر رہا ہے۔