روس میں نمونیا سے خاتون کی موت، طاعون کی وبا کا امکان مسترد
شہری غیر مصدقہ اطلاعات کے بجائے روسپوتریب نادزور کی جانب سے جاری کیے جانے والے سرکاری اعداد و شمار اور معلومات پر انحصار کریں۔روسی حکام
روس میں نمونیا سے خاتون کی موت، طاعون کی وبا کا امکان مسترد
ماسکو: روس کے ارکتسک ریجن میں ایک تحقیقی ادارے کی ملازمہ کی نامعلوم وجہ سے ہونے والے نمونیا کے باعث موت کے بعد عالمی ادارہ صحت نے روسی حکام سے واقعے سے متعلق مزید معلومات طلب کرلی ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں ایک اور ملازم کو بھی نامعلوم نوعیت کے نمونیا میں مبتلا ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم ان اطلاعات کی باضابطہ طور پر تصدیق نہیں ہوئی۔ عالمی ادارہ صحت نے بھی روسی حکام سے صورتحال کی مزید وضاحت طلب کی ہے۔
روسی ادارے روسپوتریب نادزور کے مطابق ہلاک ہونے والی خاتون اور ان کے ساتھ رابطے میں رہنے والے افراد کے طبی ٹیسٹ کیے گئے۔ حکام کے مطابق ان افراد میں کووڈ 19 کے دو اور رائنو وائرس کے دو کیسز سامنے آئے، تاہم کسی بھی شخص میں طاعون یا کسی دوسرے خطرناک جرثومے کی موجودگی نہیں پائی گئی۔
روسی حکام نے صورتحال کو قابو میں قرار دیتے ہوئے طاعون کی وبا پھیلنے کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔ کریملن نے بھی شہریوں اور میڈیا پر زور دیا ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات کے بجائے روسپوتریب نادزور کی جانب سے جاری کیے جانے والے سرکاری اعداد و شمار اور معلومات پر انحصار کریں۔