سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت، پاکستان مملکت کے ساتھ کھڑا ہے،وزیراعظم شہباز شریف

پاکستان، سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔

October 9, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت، پاکستان مملکت کے ساتھ کھڑا ہے،وزیراعظم شہباز شریف

سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت، پاکستان مملکت کے ساتھ کھڑا ہے،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں برادر ملک سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت سعودی عرب کے مختلف مقامات کو نشانہ بنانے والے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی جانیں گئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔

شہباز شریف نے سعودی مسلح افواج اور اتحادی فورسز کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ناکارہ بنانے کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی فورسز نے شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور مملکت کی سلامتی کے لیے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے اور اس کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے حالیہ فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے دفاع اور اس کے شہروں سمیت اہم تنصیبات کے تحفظ کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے حوثی ملیشیا پر زور دیا کہ وہ سعودی عرب کے خلاف حملے فوری طور پر بند کرے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ان خطرات کے مقابلے میں سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔