کے پی میں ایمرجنسی یا گورنر راج کی تیاریاں مکمل، 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز
ڈپٹی کمشنرز، سیکریٹریز اور دیگر انتظامی افسران کی تعیناتیوں سے متعلق فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں، جبکہ ریجنل اور ضلعی پولیس افسران کی ممکنہ تعیناتیوں پر بھی کام مکمل ہو چکا ،ذرائع
کے پی میں ایمرجنسی یا گورنر راج کی تیاریاں مکمل، 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز
پشاور: خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ سے متعلق انتظامی تیاریاں مکمل کیے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبے میں ممکنہ انتظامی تبدیلیوں اور افسران کی تعیناتیوں کے حوالے سے ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز، سیکریٹریز اور دیگر انتظامی افسران کی تعیناتیوں سے متعلق فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں، جبکہ ریجنل اور ضلعی پولیس افسران کی ممکنہ تعیناتیوں پر بھی کام مکمل ہو چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں صوبے کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ تاہم، ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ کا حتمی فیصلہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی پیش رفت سے مشروط بتایا جا رہا ہے۔ مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں یہ اقدام نہ کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان باضابطہ مذاکرات شروع نہیں ہوئے، تاہم پس پردہ رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں کی آج وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے ملاقات متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر سمیت دیگر پارٹی رہنما ملاقات کے دوران انہیں وفاقی سطح پر موصول ہونے والے پیغامات سے آگاہ کریں گے۔
ملاقات میں لانگ مارچ سے متعلق معاملات پر بھی مشاورت متوقع ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ اور پارٹی قیادت کی جانب سے آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔