وفاقی وزیر پٹرولیم سعودی عرب روانہ، توانائی کی ضروریات پر اہم بات چیت متوقع

عالمی کانگریس میں شرکت، سعودی حکام سے دوطرفہ ملاقاتیں ہوں گی، سردیوں میں گیس فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

October 10, 2026 · اہم خبریں
وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک کا دورہ سعودی عرب اور توانائی کے بحران سے متعلق اجلاس کا منظر

وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک کا دورہ سعودی عرب اور توانائی کے بحران سے متعلق اجلاس کا منظر

وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ ورلڈ پیٹرولیم کانگریس میں شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران سعودی اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں جن میں پاکستان کی توانائی اور پیٹرولیم ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سردیوں کے موسم میں پاکستان کو گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات پر غور کیا جائے گا۔

اس سے قبل قائمہ کمیٹی پیٹرولیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے انکشاف کیا تھا کہ ملک میں پیٹرولیم لیوی اس وقت 80 روپے کی حد تک وصول کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ علاقائی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی سپلائی کا بحران پیدا ہوا ہے جس سے خام تیل کی ترسیل براہ راست متاثر ہوئی ہے۔ تاریخ میں کبھی ڈیزل اتنا مہنگا نہیں ہوا جتنا اب ہے، اور حکومت کو بخوبی احساس ہے کہ اس کٹھن وقت میں عوام کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی نان ٹیکس ریونیو کی مد میں آتی ہے جس پر پارلیمنٹ کا ووٹ نہیں ہوتا، اور کسی بھی ملٹی لیٹرل پارٹنر کے تعاون کے بغیر اس کے ہدف میں ردوبدل ممکن نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عالمی منڈی کے حساب سے جو قیمت بنتی ہے وہی شفاف انداز میں عوام کو منتقل کی جا رہی ہے جبکہ مصنوعات کی قیمتوں کا تعین حکومت نہیں بلکہ اوگرا کرتا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ ملک کی 5 میں سے 4 ریفائنریز کے ساتھ یورو فائیو فیول کے معاہدے طے پا چکے ہیں جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کے خلاف بلا تعطل کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ مشکل ترین حالات کے باوجود عوام کو کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا گیا ہے اور شفافیت لانے کے لیے فیول سپلائی چین کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے۔