راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ، 30 روز کے لیے جلسوں، جلوسوں اور احتجاج پر پابندی
پابندی کے دوران متعلقہ ممنوعہ سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی، دفعہ 144 کا نفاذ 8 نومبر 2026 تک برقرار رہے گا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ضلع راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کر دی، جس کے تحت اجتماعات، جلسوں، جلوسوں، دھرنوں اور احتجاجی مظاہروں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ندیم ناصر کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ 10 اکتوبر سے 8 نومبر 2026 تک، مجموعی طور پر 30 روز کے لیے ہوگا، پابندی کا اطلاق ضلع راولپنڈی کی حدود میں کیا جائے گا۔
حکم نامے کے تحت پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، دھرنے، ریلیوں، جلسوں، جلوسوں اور احتجاجی مظاہروں پر پابندی عائد کی گئی ہے، اس کے علاوہ اسلحے کی نمائش، نفرت انگیز تقاریر، ڈرون کے استعمال اور ون ویلنگ پر بھی پابندی ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ احکامات کے مطابق پابندی کے دوران متعلقہ ممنوعہ سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی، دفعہ 144 کا نفاذ 8 نومبر 2026 تک برقرار رہے گا جب کہ اس کا دائرہ کار ضلع راولپنڈی کی انتظامی حدود تک محدود ہوگا۔
دوسری جانب حکام کا کہنا تھا کہ شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ نافذ کردہ احکامات کی پابندی کریں اور خلاف ورزی سے گریز کریں۔