وزیراعظم سے مولانا فضل الرحمٰن کی ملاقات، خیبرپختونخوا کی صورتحال پر اختلافات

مولانا فضل الرحمٰن نے مسئلے کے حل کے لیے سیاسی مشاورت، باہمی اتفاق رائے اور تمام متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں لینے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

October 10, 2026 · اہم خبریں, قومی
ملاقات کے موقع پر لی گئی تصویر

ملاقات کے موقع پر لی گئی تصویر

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان خیبرپختونخوا کی موجودہ سیاسی و امن و امان کی صورتحال اور وفاقی حکومت کے ممکنہ اقدامات کے حوالے سے اہم ملاقات ہوئی۔۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور مولانا فضل الرحمٰن کو تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات سے آگاہ کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے خیبرپختونخوا کے حوالے سے وفاقی حکومت کے مجوزہ اقدامات سے اتفاق نہیں کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ اس نوعیت کے اقدامات سے دہشت گردی کے خاتمے کی کوئی یقینی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

دوسری ذرائع کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے مسئلے کے حل کے لیے سیاسی مشاورت، باہمی اتفاق رائے اور تمام متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں لینے کی ضرورت پر زور دیا۔

جے یو آئی کے وفد میں مولانا لطف الرحمان، سینیٹر کامران مرتضیٰ، سنیٹر مولانا عطاء الحق درویش شامل تھے۔

ترجمان جے یو آئی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات وزیر اعظم کی دعوت پر ہو رہی ہے، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہو گی، وزیراعظم ہاؤس روانگی سے قبل پی ٹی آئی قیادت کو اعتماد میں لیا گیا۔

اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا۔