پاکستان کی ریاض ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حملے کی مذمت،سعودی عرب سے یکجہتی کا اظہار
شہری آبادی اور اہم تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے اور ایسے حملوں کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔ترجمان دفتر خارجہ
پاکستان کی ریاض ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حملے کی مذمت،سعودی عرب سے یکجہتی کا اظہار
پاکستان نے سعودی عرب کے ریاض میں کنگ خالد ایئرپورٹ پر حوثیوں کے مبینہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے شہری تنصیبات اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شہری ہوائی اڈے کو نشانہ بنانا علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ حملے میں جانی نقصان اور افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات پر پاکستان نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ شہری آبادی اور اہم تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے اور ایسے حملوں کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان نے حوثیوں سے حملے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔