پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، 12 خوارج ہلاک،نائب صوبیدار ہدایت امان شہید

سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

October 11, 2026 · اہم خبریں, قومی
پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، 12 خوارج ہلاک،نائب صوبیدار ہدایت امان شہید

پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، 12 خوارج ہلاک،نائب صوبیدار ہدایت امان شہید

ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران 12 خوارج اور افغان طالبان ہلاک ہوگئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے نائب صوبیدار ہدایت امان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا پتا چلایا گیا، جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خوارج کی دراندازی میں معاونت کے لیے افغان طالبان کی چوکیوں سے بھی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں سرحد پر شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران نائب صوبیدار ہدایت امان نے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید کی عمر 40 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع غذر سے تھا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق افغان طالبان حکومت اپنی سرزمین کو دہشت گرد تنظیموں کے استعمال سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔ بیان میں الزام عائد کیا گیا کہ افغان طالبان حکومت سرحد پار دہشت گردی میں سہولت کاری کر رہی ہے اور انسدادِ دہشت گردی سے متعلق اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ وطن اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیاں قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔