غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری، مزید 5 فلسطینی شہید
پانڈا مال کے قریب اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 4 فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ شہر کے جنوبی علاقے التفاح میں ایک اور حملے کے دوران ایک فلسطینی شہید ہوگیا۔
غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری، مزید 5 فلسطینی شہید
غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کے تازہ فضائی حملوں میں مزید 5 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ہفتے کے روز غزہ شہر میں دو مختلف مقامات پر حملے کیے گئے۔
طبی ذرائع کے مطابق غزہ شہر میں پانڈا مال کے قریب اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 4 فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ شہر کے جنوبی علاقے التفاح میں ایک اور حملے کے دوران ایک فلسطینی شہید ہوگیا۔
اسرائیل کا مؤقف ہے کہ حماس اکتوبر میں طے پانے والی جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوبارہ اسلحہ جمع کر رہی ہے اور حملوں کی تیاری میں مصروف ہے۔ دوسری جانب حماس نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہ حملوں کی تیاری کر رہی ہے اور نہ ہی اسلحے کا ذخیرہ بحال کرنے کی کوشش میں ہے۔ حماس نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل خود غزہ امن معاہدے کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
گزشتہ سال امریکا کی ثالثی میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے میں غزہ کی تعمیرِ نو کا منصوبہ بھی شامل تھا، تاہم حماس کو غیر مسلح کرنے اور اسرائیلی فوج کے انخلا سے متعلق شرائط پر اختلافات کے باعث مذاکرات میں کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہوسکی۔
غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اب تک کم از کم 1,400 فلسطینی شہیدہوچکے ہیں، جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس دوران اس کے 4 فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
فلسطینی حکام کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے آغاز سے اب تک غزہ میں 74 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔