ریاض ایئرپورٹ پر حملے کے بعد ایک بار پھر آگ بھڑک اُٹھی

ایک نامعلوم پروجیکٹائل نے ایئر پورٹ کے مسافر ہال نمبر 4 کو نشانہ بنایا، ایک کروز میزائل کو تباہ کیا گیا، ترجمان سعودی اتحاد

October 11, 2026 · بام دنیا
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

ریاض:سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد کا کہنا ہے کہ ریاض میں واقع کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ ایک بار پھر حملوں کی زد میں آیا ہے۔

سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے سرکاری ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق ایک نامعلوم پروجیکٹائل نے ایئر پورٹ کے مسافر ہال نمبر 4 کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور متعلقہ حکام اس پر قابو پانے کے لیے کارروائی کر رہے ہیں۔

ایک علیحدہ بیان میں انھوں نے کہا کہ فضائی دفاعی نظام نے ہوائی اڈے کے قریب ایک کروز میزائل کو تباہ کر دیا ہے۔

سعودی عرب کی قیادت میں قائم یہ اتحاد 2015 میں اس وقت تشکیل دیا گیا تھا جب متعدد عرب ممالک نے مل کر حوثیوں کو یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت سے اقتدار چھیننے سے روکنے کے لیے فوجی مہم شروع کی تھی۔

حوثیوں کا سعودی عرب پر صنعا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کا الزام

حوثیوں کے زیرِ انتظام المسیرہ ٹی وی نے ابھی رپورٹ کیا ہے کہ ’سعودی دشمن‘ نے یمن کے صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی حملہ کیا ہے۔

سعودی قیادت میں قائم اتحاد، جو یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرتا ہے، نے ابھی تک اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے بھی فوری طور پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

یہ پیش رفت اُس وقت سامنے آئی ہے جب سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد نے ہفتے کے روز ریاض کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے کا ذمہ دار حوثیوں کو ٹھہرایا تھا۔