خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں حفاظتی اقدامات کے تحت تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان
موجودہ حالات کا تناظر، صوابی مردان اور نوشہرہ میں تعطیلات، امتحانات منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تعلیمی اداروں کی بندش کا نوٹیفکیشن
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں موجودہ حالات کے پیش نظر تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے کل بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ الگ الگ نوٹیفکیشنز کے مطابق صوابی، مردان اور نوشہرہ میں اسکولوں، کالجوں اور جامعات سمیت تمام تعلیمی ادارے پیر کے روز بند رہیں گے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر صوابی اور ڈپٹی کمشنر کے مطابق ضلع بھر میں تمام سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی ادارے موجودہ حالات کے تناظر میں بند رکھے جائیں گے۔ اسی طرح ضلع مردان میں بھی ڈپٹی کمشنر کے احکامات کے تحت تمام تعلیمی ادارے 12 اکتوبر کو بند رہیں گے، جبکہ اس روز ہونے والے تمام امتحانات اور پرچے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں، ضلع نوشہرہ میں بھی ڈپٹی کمشنر گوہر زمان کے جاری کردہ احکامات کے مطابق تمام سرکاری و نجی اسکول، کالجز اور جامعات میں تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ متعلقہ محکموں کے حکام اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جاری کردہ احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔