کراچی اور اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ، اجتماعات اور ریلیوں پر پابندی
امن و امان کی صورتحال، کراچی میں 10 روز کی توسیع، اسلام آباد میں سخت انتباہ۔
شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
ملک کے اہم شہروں میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع اور سخت اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ضمن میں انتظامیہ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ احکامات کی مکمل پاسداری کریں۔
کراچی میں سیکیورٹی خدشات اور امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 10 روز کی توسیع کر دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اس پابندی کے تحت شہر میں احتجاج، مظاہروں، دھرنوں اور ریلیوں کے انعقاد پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔ اس کے علاوہ شہر بھر میں 5 سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر بھی قدغن لگائی گئی ہے، اور ضلعی حکام نے واضح کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کے حوالے سے سخت احکامات جاری کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے۔ جاری کردہ ہدایات کے مطابق دارالحکومت میں ہر قسم کے اجتماعات اور اکٹھ پر پابندی نافذ ہے اور کسی بھی غیر قانونی اجتماع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق اسلام آباد میں دفعہ 144 کے علاوہ پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر ایکٹ 2024 کے تحت بھی اجتماعات پر قدغن عائد ہے۔
انتظامیہ نے تنبیہ کی ہے کہ اس ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کو 3 سال تک قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ضلعی حکام نے شہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں، کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا اجتماع کا حصہ بننے سے گریز کریں اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنائیں۔