امریکی ریاست نیو جرسی میں دنیا کی سب سے زیادہ آسیب زدہ سڑک

مافوق الفطرت کہانیاں، مسلسل تیسرے سال سرفہرست، رپورٹ جاری، نجی ادارے کا دعویٰ۔

October 12, 2026 · امت خاص
امریکی ریاست نیو جرسی میں واقع کلنٹن روڈ کا ایک منظر جو دنیا کی سب سے زیادہ آسیب زدہ سڑک کہلاتی ہے۔

امریکی ریاست نیو جرسی میں واقع کلنٹن روڈ کا ایک منظر جو دنیا کی سب سے زیادہ آسیب زدہ سڑک کہلاتی ہے۔

 

آسیب یا بھوتوں کا وجود حقیقت ہے یا محض ایک تصور، یہ بحث تو طویل ہے تاہم دنیا میں بعض مقامات ایسے ضرور ہیں جن کے بارے میں پراسرار واقعات اور خوفناک کہانیاں عوام میں بالخصوص زیر بحث رہتی ہیں۔ ایسی ہی ایک جگہ امریکی ریاست نیو جرسی کے علاقے ویسٹ ملفورڈ میں واقع کلنٹن روڈ ہے جسے دنیا کی سب سے زیادہ آسیب زدہ سڑک قرار دیا گیا ہے۔

ایک جرمن رینٹل کار کمپنی کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق کلنٹن روڈ مسلسل تیسرے سال اس فہرست میں پہلے نمبر پر براجمان رہی ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کلنٹن روڈ کا شمار امریکا کی ان گنی چنی سڑکوں میں ہوتا ہے جن کے بارے میں کئی دہائیوں سے مافوق الفطرت اور پراسرار کہانیاں گردش کرتی چلی آ رہی ہیں۔ اس سڑک کا جنگلات سے گزرتا ہوا تقریبا 10 میل طویل حصہ رات کے وقت انتہائی خوفناک محسوس ہوتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کلنٹن روڈ سے متعلق پراسرار کہانیاں ایک صدی سے زیادہ عرصے سے بیان کی جا رہی ہیں۔ بعض افراد اس مقام پر پراسرار روشنیاں دیکھنے کے دعوے بھی کرتے ہیں جو ان کے بقول اچانک نمودار ہوتی ہیں اور پھر غائب ہو جاتی ہیں۔

دنیا کی سب سے زیادہ آسیب زدہ سڑک کا تعین کرنے کے لیے تحقیق کاروں نے گوگل اور ٹک ٹاک پر سرچ ٹرینڈز کے اعداد و شمار کا گہرائی سے تجزیہ کیا۔ بعد ازاں اس ڈیٹا کا موازنہ 2023 سے 2025 کے دوران شائع ہونے والی دنیا بھر کی آسیب زدہ سڑکوں کی مختلف فہرستوں سے کیا گیا، جس کے حتمی نتائج کے بعد کلنٹن روڈ کو سرفہرست قرار دیا گیا۔