امریکی تحقیقاتی ادارےکا مسلمان رکن کانگریس الہان عمرکےگھر پر چھاپہ

یہ کارروائی صومالی نژاد مسلمان رکن کانگریس کے خلاف امیگریشن سے متعلق کاغذات کے حوالے سے دھوکہ دہی کی فوجداری تحقیقات کے سلسلے میں کی گئی۔

October 12, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی مسلمان  رکن کانگریس الہان عمر کے گھر پر چھاپہ مارا گیا اور ان کے گھر کی تلاشی لی گئی۔

امریکی میڈیا کے مطابق  پیر کی صبح واشنگٹن ڈی سی کے نواحی علاقے میں امریکی ریاست منی سوٹا سے تعلق رکھنے والی  رکن کانگریس الہان عمر کے گھر پر  ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹی گیشنز  کے اہلکاروں نے چھاپہ مارا۔ یہ کارروائی صومالی نژاد مسلمان رکن کانگریس کے خلاف امیگریشن سے متعلق کاغذات کے حوالے سے دھوکہ دہی کی فوجداری تحقیقات کے سلسلے میں کی گئی۔ یہ کاغذات ان کے والد نے اس وقت مکمل کیے تھے جب وہ بچی تھیں اور ان کے والد اب وفات پاچکے ہیں۔

امریکی محکمہ انصاف کے ایک ترجمان نے ’’فاکس نیوز‘‘کو بتایا کہ فیڈرل ایجنٹس نے محکمہ انصاف سے حاصل کردہ اور عدالت کی جانب سے منظور شدہ سرچ وارنٹ کے تحت تلاشی لی، یہ کارروائی جاری تحقیقات کا حصہ ہے۔

واضح رہےکہ حجاب پہننے والی الہان عمر 36 سال کی عمر میں پہلی بار 2018 میں کانگریس کی رکن منتخب ہوئیں تھیں، اس وقت وہ امریکی تاریخ کی پہلی 2 مسلمان خواتین میں سے ایک تھیں جو  امریکی ایوان نمائندگان کی رکن منتخب ہوئی تھیں۔

الہان عمر امریکہ  میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، نسلی تعصب اور اسلاموفوبیا سے لےکر غزہ اور مقبوضہ کشمیرکے حقوق کے لیے آواز اٹھاتی رہتی ہیں۔