سعودی عرب میں حملوں کی ویڈیوز بنانے پر متعدد امریکی شہری گرفتار

حالیہ واقعات کی تصاویر بنانے پر حراست میں لیا گیا، تاہم گرفتار ہونے والوں کی تعداد ظاہر نہیں کی گئی۔

October 13, 2026 · بام دنیا
سعودی عرب میں حملوں کی ویڈیوز بنانے پر متعدد امریکی شہری گرفتار

سعودی عرب میں حملوں کی ویڈیوز بنانے پر متعدد امریکی شہری گرفتار

سعودی عرب میں حالیہ حملوں سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے الزام میں متعدد امریکی شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق ریاض میں قائم امریکی سفارت خانے نے امریکی شہریوں کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان افراد کو حالیہ واقعات کی تصاویر بنانے پر حراست میں لیا گیا، تاہم گرفتار ہونے والوں کی تعداد ظاہر نہیں کی گئی۔

امریکی سفارت خانے نے خبردار کیا ہے کہ میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کی کارروائیوں، ان سے ہونے والے نقصانات اور حملوں کے مقامات کی تصاویر یا ویڈیوز بنانا، شائع کرنا یا دوسروں کے ساتھ شیئر کرنا قانونی مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔

سفارت خانے نے سعودی عرب میں تعینات امریکی سرکاری اہلکاروں کو یہ ہدایت بھی جاری کی ہے کہ مملکت کے کسی بھی ہوائی اڈے سے سفر کرنے سے قبل امریکی حکام سے خصوصی اجازت حاصل کریں۔ اس کے علاوہ سعودی ہوائی اڈوں پر سفر کرنے والے امریکی شہریوں کو بھی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔