مسجد الحرام پر حملہ اور احرام میں عمرہ زائرین کو نشانہ بنانا جرم ہے، سعودی مفتی اعظم
مجرموں کا انجام عبرتناک اور ان کی عاقبت انتہائی بھیانک ہوگی،شیخ صالح بن فوزان الفوزان
مسجد الحرام پر حملہ اور احرام میں عمرہ زائرین کو نشانہ بنانا جرم ہے، سعودی مفتی اعظم
س سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ صالح بن فوزان الفوزان نے مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کے زائرین کو نشانہ بنائے جانے کو ایک قابلِ مذمت جرم قرار دیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی مفتی اعظم نے حوثی ملیشیا کی جانب سے کیے جانے والے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا اور معصوم جانوں کا ضیاع سنگین ترین جرائم میں شامل ہیں۔
اپنے بیان میں شیخ صالح بن فوزان الفوزان نے خبردار کیا کہ حرمین شریفین اور وہاں آنے والے زائرین کو ہدف بنانے والوں کا انجام عبرتناک اور ان کی عاقبت انتہائی بھیانک ہوگی۔ واضح رہے کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے دارالحکومت ریاض سمیت سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جن کے نتیجے میں اب تک 1 پاکستانی سمیت کئی بے گناہ سعودی اور غیر ملکی شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔ حوثیوں نے حال ہی میں ریاض ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے۔
علاوہ ازیں، اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ عرب نیوز کے مطابق اس رابطے کے دوران اردنی قیادت نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی، شہریوں اور وہاں مقیم افراد کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی غیر مشروط حمایت کا اعادہ کیا ہے۔