کولمبیا نے مقبوضہ بیت المقدس میں سفارت خانہ کھول دیا، فلسطینی اتھارٹی کی مذمت

اسرائیلی وزیر خارجہ گدعون صاعر نے سفارت خانے کی مہمانوں کی کتاب میں دستخط کرتے ہوئے اس دن کو اسرائیل اور بیت المقدس کے لیے اہم قرار دیا۔

October 14, 2026 · بام دنیا
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

اس اقدام کے بعد کولمبیا ان چند ممالک میں شامل ہوگیا ہے جنہوں نے مقبوضہ بیت المقدس میں سفارت خانہ قائم کرکے اسرائیلی خودمختاری کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔ دنیا کے بیشتر ممالک کے اسرائیل میں سفارت خانے تل ابیب میں قائم ہیں، کیونکہ ان کے نزدیک بیت المقدس کی حتمی حیثیت کا فیصلہ مسئلہ فلسطین کے حل کے ساتھ ہونا چاہیے۔

اسرائیلی وزیر خارجہ گدعون صاعر نے سفارت خانے کی مہمانوں کی کتاب میں دستخط کرتے ہوئے اس دن کو اسرائیل اور بیت المقدس کے لیے اہم قرار دیا۔

کولمبیا کے انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے نئے صدر ابیلارڈو ڈی لا ایسپریلا نے جولائی میں سفارت خانہ یروشلم منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ فیصلہ سابق صدر گستاوو پیٹرو کی پالیسی سے بالکل مختلف ہے، جنہوں نے 2024 میں غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاجاً اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر دیے تھے۔

دوسری جانب فلسطینی وزارت خارجہ نے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی سفارت خانہ کھولنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی، مقدس شہر کی قانونی حیثیت سے متعلق عالمی اتفاق رائے کو نقصان پہنچانے اور فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کی پامالی کے مترادف ہے۔