امریکی انتخابات سے قبل ایران سے منسلک مشتبہ اکاؤنٹس ایکس سے معطل
ایران، روس اور چین سے تعلق رکھنے والی مبینہ بیرونی اثر و رسوخ کی تین کارروائیوں کے خلاف اقدامات کرتے ہوئے 13 ہزار سے زائد اکاؤنٹس معطل کیے گئے ہیں۔
امریکی انتخابات سے قبل ایران سے منسلک مشتبہ اکاؤنٹس ایکس سے معطل
واشنگٹن: سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس نے امریکی وسط مدتی انتخابات سے قبل امریکی سیاست پر اثر انداز ہونے کی مبینہ کوششوں کے الزام میں ایران سے منسلک مشتبہ اکاؤنٹس معطل کردیے ہیں۔
ایکس کی گلوبل گورنمنٹ افیئرز ٹیم کے مطابق ایران، روس اور چین سے تعلق رکھنے والی مبینہ بیرونی اثر و رسوخ کی تین کارروائیوں کے خلاف اقدامات کرتے ہوئے 13 ہزار سے زائد اکاؤنٹس معطل کیے گئے ہیں۔
پلیٹ فارم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اکاؤنٹس کے ذریعے جعلی سیاسی مواد تیار کرکے پھیلایا جاتا تھا۔ ان سرگرمیوں میں مختلف سیاسی نظریات سے تعلق رکھنے والے امیدواروں اور اہم شخصیات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ایکس انتظامیہ کے مطابق پلیٹ فارم پر اسپیم نیٹ ورکس اور منظم اثر و رسوخ کی کارروائیوں کی نشاندہی کرکے انہیں روکنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ان کوششوں کا مقصد جعلی اکاؤنٹس اور مربوط غیر مستند سرگرمیوں کے ذریعے پلیٹ فارم کی ساکھ کو متاثر کرنے کے امکانات کم کرنا ہے۔
تاہم، ایکس نے ایران سے منسلک معطل کیے گئے اکاؤنٹس کی الگ تعداد ظاہر نہیں کی اور نہ ہی ایران سے متعلق مبینہ سرگرمیوں کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم کی ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی وسط مدتی انتخابات 3 نومبر کو شیڈول ہیں، جن سے قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سیاسی مباحثے کو متاثر کرنے کی مبینہ کوششوں کے خلاف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔