ایران حوثی گروہ کو اسلحہ اور تربیت بھی فراہم کر رہا ہے ، سعودی وزارتِ خارجہ کا الزام

ایران اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے،ڈاکٹر راید کریملی

October 15, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ریاض:سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ کے ایک عہدیدار نے جمعرات کو ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ تہران نہ صرف حوثیوں کی سعودی عرب کے خلاف حالیہ شدت پسند کارروائیوں کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے بلکہ اس گروہ کو اسلحہ اور تربیت بھی فراہم کر رہا ہے۔

وزارتِ خارجہ میں نائب وزیر برائے پبلک ڈپلومیسی ڈاکٹر راید کریملی نے ایک ورچوئل بریفنگ کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ایران اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حوثیوں کو اسلحہ، تربیت اور معاونت فراہم کرتا جا رہا ہے۔

بی بی سی فارسی کے مطابق انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’ہمارا خیال ہے کہ تنازع کے اس حالیہ مرحلے میں حوثیوں کی جانب سے کشیدگی میں اضافہ ایران کی حوصلہ افزائی کا نتیجہ ہے۔‘

ڈاکٹر کریملی کا کہنا تھا کہ بظاہر تہران اس معاملے میں مددگار ثابت نہیں ہو رہا تاہم اس کے باوجود سعودی عرب ایران کے ساتھ رابطے میں ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم ایران کے ساتھ براہِ راست رابطے برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فی الحال ایسا نہیں لگتا کہ ایرانی حکام کسی حل تک پہنچنے کے لیے کسی قسم کی رعایتیں دینے کی پوزیشن میں ہیں۔

تہران کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

سعودی عہدیدار نے حوثیوں پر حالیہ ہفتوں میں عمان میں ملاقات سے انکار کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔