سعودی عرب میں سفری مشکلات کا خدشہ، امریکی شہریوں کے لیے نئی ہدایات جاری
سعودی ہوائی اڈوں پر حملوں، فضائی حدود کی ممکنہ بندش اور پروازوں کی منسوخی کے خدشات کے باعث شہری اپنے سفری منصوبے بناتے وقت احتیاط برتیں۔
سعودی عرب میں سفری مشکلات کا خدشہ، امریکی شہریوں کے لیے نئی ہدایات جاری
ریاض: سعودی عرب میں امریکی سفارت خانے نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر امریکی شہریوں کو فضائی سفر کے متبادل کے طور پر ذاتی گاڑی، ٹرین یا بس استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری سکیورٹی الرٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی ہوائی اڈوں پر حملوں، فضائی حدود کی ممکنہ بندش اور پروازوں کی منسوخی کے خدشات کے باعث شہری اپنے سفری منصوبے بناتے وقت احتیاط برتیں۔
سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں امریکی شہریوں پر زور دیا کہ وہ سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے موبائل فون پر بھیجے جانے والے ہنگامی انتباہات اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ شہری ہوائی اڈوں پر ممکنہ حملوں، پروازوں میں تاخیر یا منسوخی اور دیگر سفری مشکلات سے متعلق تازہ معلومات پر نظر رکھیں۔
امریکی سفارت خانے نے شہریوں کو ڈرون اور میزائل حملوں سے متاثرہ مقامات کی تصاویر یا ویڈیوز بنانے اور انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے بھی گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سفارت خانے کے مطابق بعض امریکی شہریوں کو سرکاری عمارتوں، ہوائی اڈوں اور حملوں سے متاثرہ مقامات کی تصاویر بنانے سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا جا چکا ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سعودی عرب میں مقامی قوانین اور سکیورٹی سے متعلق جاری کردہ ہدایات کی پابندی کریں۔